ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل سلطان یوتھ ویلفئیر اسوسی ایشن کے زیر اہتمام تعلیمی ایوارڈ کی خوبصورت تقریب : علاقہ کے 25 طلبا و طالبات کی تہنیت

بھٹکل سلطان یوتھ ویلفئیر اسوسی ایشن کے زیر اہتمام تعلیمی ایوارڈ کی خوبصورت تقریب : علاقہ کے 25 طلبا و طالبات کی تہنیت

Fri, 17 Jan 2020 18:51:02    S.O. News Service

بھٹکل 17؍ جنوری (ایس اؤ نیوز)تعلیمی  میدا ن میں نمایاں کامیابی حاصل کرنےو الے طلبا و طالبات کے اعزاز میں سلطان یوتھ ویلفئیر اسوسی ایشن بھٹکل کے زیرا ہتمام 16جنوری بروز جمعرات بعدنماز عصر سلطانی مسجد کمپاؤنڈ میں تعلیمی ایوارڈ کی خوبصورت تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں حافظ، عالم و فاضل ، گریجویٹ  وغیرہ میں نمایاں  کامیابی حاصل کرنےو الے علاقہ کے قریب 25طلبا وطالبات کو ایوارڈ سے نوازتے ہوئے ان کی تہنیت کی گئی ۔

ہیڈ آف اسلامک اسٹڈیز ڈپارٹمنٹ اینوپویا یونیورسٹی کے ڈاکٹر جاوید جمیل نے بطور مہمان خصوصی  خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگر ہم  کامیابی کی طرف بڑھتے ہیں تو ناکامی بھی ساتھ آتی ہے،ان حالات میں  استقلال کے ساتھ اپنی کوشش میں سرگرم رہنا ہی  صبر ہےاور  یہی  صبر ہمیں کامیابی کی طرف لے جاتاہے۔ انہوں نے مسلمانوں کی معاشی ابتری کے متعلق کہاکہ مسلمانوں کی  معاشی بدحالی کے لئے مسلمانوں کا تجارت سے گریز ہے جب کہ  تجارت ایک مثبت قدم ہے،انہوں نے مشورہ دیا کہ  ہم صرف ملازمت کی طرف نہ دیکھیں بلکہ تجارت کی طرف آگے آئیں، انہوں نے کہاکہ قرآن میں مسلمانوں سے زکوٰۃ ادا کرنے کہاگیا ہے جس کا ایک مطلب یہ بھی ہے کہ ہم معاشی سطح پر اتنے مضبوط بنیں کہ صاحب نصاب بن سکیں۔ جاوید جمیل نے   طلبا سے کہاکہ اگر وہ نئے نئے میدانوں کو منتخب کرتے ہیں تو کامیابی کے امکانات زیادہ ہیں۔

مولانا ابوالحسن علی میاں اکیڈمی کے جنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس جاکٹی ندوی نے کہاکہ موجودہ تعلیمی نظام سے صرف بے حیائی اور بد اخلاقی ہی نہیں بلکہ الحاد و ارتداد بھی ہمارے گھروں میں داخل ہورہاہے، لہٰٗذا  تعلیم کو دین سے جوڑنے کی بہت ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم وہی ہے جو بندے کو  اللہ سے  جوڑے  انہوں نے ملت کی تعلیمی صورت حال پر کہاکہ گرچہ  ملت کی خواندگی کی شرح میں اضافہ  ہواہے ،مگر ایک زمانے میں تعلیم برائے انسانیت ہوتی تھی، لیکن آج تعلیم برائے ملازمت  اور برائے دولت  بنتی جارہی ہے  جو ہمارے لئے  لمحہ ٔ فکریہ ہے۔  انجمن انجنئیرنگ کالج بھٹکل کے پرنسپال ڈاکٹر مشتاق احمد بھاوی کٹی نے  اپنے خطاب میں زندگی کو کامیابی اور ناکامی  کا مجموعہ قرار دیا اور  طلبا کو دونوں حالتوں میں مثبت انداز میں سوچنے پر زور دیا۔ 

جلسے کا آغاز مولوی میڈیکل عرفا کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ حسن سدی باپا نے ہدیہ نعت پیش کی۔ ایس ایم سید احمد پرویز نے استقبال کرتے ہوئے مہمانوں کا تعارف پیش کیا۔ مولوی ابوبکر تونسے نے اسوسی ایشن کا تعارف پیش کیا۔ اسوسی ایشن کے صدر آفتاب حسین کولا نے جلسے کی صدارت کی۔ مولوی عبدالنور فکردے ندوی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔


Share: